بھٹکل:26/ اکتوبر (ایس اؤنیوز)تعلقہ میں فاریسٹ زمین کے اتی کرم دارو ں کو رجسٹرڈ دستاویزات مہیا کرانے کا مطالبہ لے کر کرناٹکا پرانت رعیت سنگھا بھٹکل کی طرف سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور بعد میں بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم سونپاگیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے ریاستی صدر بیاریڈی نے کہاکہ فاریسٹ زمین کو اتی کرم کرنے کے بعد مکان تعمیر کرنےوالوں کو مصدقہ اسناد تقسیم کرنے کا سرکاری وعدہ پور ا نہیں کیاگیا ہے۔ عرضی جانچ کے بہانے افسران کئی عرضیوں کو رد کررہے ہیں، گذشتہ ودھان سبھا اور لوک سبھا انتخابات کے دوران سیاسی جماعتو ں کی طرف سے کئے گئے وعدوں کو پوراکرنے کےلئے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بقیہ 4-5مہینوں کی مدت میں ہی سہی اتی کرم داروں کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔ انہوں نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ جی پی ایس کا کام جلد پورا کیا جائے، شہری مکینوں کی عرضیوں کو شمار کیا جائے۔
بیا ریڈی نے اس دوران انتباہ دیا کہ فروری بجٹ اجلاس سے پہلے اگر اتی کرم داروں کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تو بڑے پیمانے پر سخت احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر سنگھا کے مقامی صدر شری دھر شیٹھ، شری دھرنائک، سبھاش کوپی کر، سلیمان جالی ، ارشاد محی الدین ، نوین جین وغیرہ موجود تھے۔